پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے نام مختلف، کام ایک جیسے ہیں۔ امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے نام مختلف کام ایک جیسے ہیں۔ 75برسوں سے ملک پر مسلط ظالم وڈیرے، جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ داروں کی مثال دودھ کی رکھوالی پر بلی جیسی ہے، ان لوگوں نے ملک کے وسائل کو لوٹا اور عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم رکھا۔ حکومت پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی ہو یا پی ٹی آئی کی، یہ کرپٹ اشرافیہ کسی صورت عوام کو کچھ نہیں دیں گے، یہ یوٹرن لینے والے لوگ ہیں، مغرب اور استعمار کا غلام یہ حکمران طبقہ جمہوریت پر یقین نہیں رکھتا، ان کی پارٹیاں ون مین شو اور خاندانی اجارہ داری ہیں، انھوں نے خواتین کو ان کے حقوق سے محروم رکھا، پاکستان پر مغربی ایجنڈا نافذ کرنے کی سازشیں کیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور اتفاق ٹاؤن میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لاہور و امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 167 ذکراللہ مجاہد، امیر جماعت اسلامی لاہور غربی عبدالعزیز عابد و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خواتین ورکرز کنونشن میں قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ثمینہ سعید، بیگم ماہتاب سراج، ڈپٹی سیکرٹری بشریٰ صادقہ، نائب ناظمہ وسطی پنجاب ڈاکٹر زبیدہ جبیں، شائستہ عمر، سینئررہنما گلفرین نواز خان، بیگم ظہور وٹو، ناظمہ حلقہ خواتین لاہور غربی شازیہ عبدالقادر سمیت پی پی 167 سے خواتین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

امیر العظیم نے کہا کہ جب تک اس ملک کی سیاست میں دین کا دروازہ نہیں کھلے گا، عوام کی حالت نہیں بدل سکتی۔ جمہوریت کی مثال چنگیزیت جیسی ہے اگر اس سے دین نکال لیا جائے۔ اس ملک میں حکمرانی اسی وقت قائم ہو گی جب جماعت اسلامی کو اقتدار ملے گا۔ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے ہمیں اقتدار ملا تو پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

انھوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کو پاکستان میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کرنے پر مبارک باد پیش کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ آئندہ الیکشن کو جہاد سمجھیں، جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور خواتین کو قائل کریں کہ وہ کرپشن فری اسلامی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواران کو ووٹ دیں