پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر ن لیگی قیادت متحرک، نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت

لندن ،لاہور(صباح نیوز)پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر ن لیگی قیادت متحرک ہوگئی ہے،پارٹی قائدمیاں محمد نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی،میڈیارپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماوں سے ویڈیو لنک پر پنجاب میں عام انتخابات کے معا ملے پر مشاورت کی۔ نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

نواز شریف نے کہا کہ عام انتخابات 30 اپریل کو ہوں یا اکتوبر میں، تیاری رکھیں، پنجاب اسمبلی کے ٹکٹس پارٹی وفاداروں اور اپنے حلقوں میں مضبوط امیدواروں کو دیں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پارٹی رہنما عمران دور کی تمام بے قاعدگیاں اور غلط فیصلے عوام کے سامنے رکھیں۔قائد ن لیگ نے کہا کہ ضروری ہوگیا ہے کہ قوم کو عمران خان جیسے فتنے سے نجات دلاوں، ملک میں افراتفری پیدا کرنے والے عناصر کو قوم کے سامنے ایکسپوز کیا جائے۔

نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز عمران نیازی اور ان کے سہولت کاروں کو بھرپور جواب دے رہی ہیں، مریم نواز کے ساتھ انتخابی مہم میں تمام رہنما بھرپور شرکت اور تعاون کریں، علاوہ ازیں نواز شریف نے زہر د ئیے جانے کے سوال پر کہا ہے کہ جس نے جیل میں زہر دیا اسی سے پوچھ لیں۔

پارٹی کی  سینئر نائب صدر مریم نواز نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا تھا کہ نیب کی حراست کے دوران جیل میں نواز شریف کو زہر دیا گیا تھا۔اس معاملے پر لندن میں صحافی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے سوال کیا کہ آپ کو جیل میں زہر دیا گیا؟ جس پر نواز شریف نے  جواب دیا کہ جس نے جیل میں زہر دیا ہے اسی سے پوچھ لیں ۔۔