ایران اور سعودیہ تعلقات کی بحالی فلسطینی کاز کے حق میں اہم قدم ہے،حماس


غزہ (صباح نیوز) اسلامی تحریک مزاحمت(حماس)نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی کے تحت تعلقات کی بحالی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت کو فلسطینی قوم کے نصب العین کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

حماس کے عرب اور اسلامی تعلقات کے دفتر کے سربراہ اور حماس کے سیاسی بیورو کے رکن خلیل الحیا نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتی ہے۔

ایک بیان میں جس کی ایک کاپی کو فلسطینی انفارمیشن سینٹر کو موصول ہوئی میں الحیا نے تعلقات کی بحالی کو قوم کی صفوں میں اتحاد، سلامتی اور عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کو مضبوط بنانے کے راستے پر ایک اہم قدم قرار دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اہم قدم فلسطینی کاز کے مفاد میں ہے اور قابض ریاست اور ہماری سرزمین، عوام اور مقدسات کے خلاف اس کی مسلسل جارحیت کے مقابلے میں ہماری قوم کی ثابت قدمی کی حمایت کرتا ہے۔