کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید


کرک:کرک کے علاقے تخت نصرتی میں نامعلوم شرپسندوں کی انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو خیبرپختونخوا میں بنوں اورکرک کے سرحدی علاقے تخت نصرتی میں انسداد پولیو مہم جاری تھی کہ نامعلوم افراد ٹیم پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں انسداد پولیو مہم شروع ، 2 کروڑ بچوں کو قطرے پلائے جائینگے

ڈی پی اوکرک نے بتایا کہ شر پسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم محفوظ رہی ہے، شہید اہلکار کی میت قریبی اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی نوعیت جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بالعموم اور خیبر پختونخوا میں بالخصوص انسداد پولیو کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے کئی رضاکار اور پولیس اہلکار جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔