مقبوضہ کشمیر  میں نئے پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کل مکمل ہڑتال ہوگی


سری نگر:جموں و کشمیر میں جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نےکل مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر  میں نئے پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ارون گپتا نے کہا کہ سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کے ارکان کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگوں کے بعد انہوں نے کل ہفتہ  کو پراپرٹی ٹیکس کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوان مودی حکومت کے کسی بھی ایسے اقدام کی سخت مخالفت کرے گا جس سے عوام پر مزید بوجھ پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصلہ منتخب عوامی حکومت پر ہی چھوڑنا چاہئے۔ حکومت نے اس معاملے پر کسی بھی فریق کے ساتھ بات چیت نہیں کی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ تاجر برادری ٹیکس کے خلاف نہیں لیکن موجودہ حالات میں لوگ جائیداد ٹیکس ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پچھلے ایک ہفتے سے ہم سرکار ی عہدیداروں کا انتظار کررہے تھے کہ شائد وہ  تاجروں کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کریں گے لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ اس فیصلے کو فوری طورپر واپس لیا جاناچاہئے کیونکہ جائیداد ٹیکس سے لوگوں پر ایک اور بوجھ پڑ جائے گا.