مقبوضہ کشمیرمیں26 جنوری کی تاریخ قریب آتے ہیں محاصرے، چھاپے بڑھ گئے


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ26 جنوری کی تاریخ قریب آتے ہیں محاصرے اور چھاپے بڑھ گئے ہیں۔ بھارتی فورسز نے بڈگام اور پونچھ اضلاع میں شدید سردی کے باوجود مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیااور ہراساں کیا گیا۔ بڈگام اور پونچھ اضلاع کے علاقوں بونہ مکہامہ اور گوہلاڈ میں تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بندکرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔

کے پی آئی کے مطابق فوجیوں نے گھروں میں گھس کرخواتین اور بچوں کو ہراساں کیا اور املاک کی توڑ پھوڑ کی۔ بھارتی فورسز نے ایک سال کے دوران مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اورتلاشی کی 4 ہزار815کارروائیاں کیں۔ پولیس نے چند ہارہ پانپور میں کمین گاہ کو تباہ کرکے ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی سول سروسز اسامیوں پر کشمیریوں کا انحصار ختم کا فیصلہ

پولیس کے مطابق عادل احمد شاہ ولدمحمد آزاد شاہ کو گرفتار کیا گیا ہے وسطی ضلع بڈگام کے ملحقہ علاقہ بیروہ کے بونہ مکہامہ بستی کا فورسز نے کڑاکے کی سردی میں محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشیاں لیں تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ بونہ مکہامہ کے باہر جانے والے راستوں کو خار دار تاروں سے بند کیا اور گھر گھر تلاشیاں لیں۔