گلگت اکنامک زون کے لیے زمین حاصل کر لی، علی امین گنڈا پور


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سی پیک کے تحت گلگت میں اکنامک زون کے قیام کے لیے زمین اکوائر کرلی ہے اور اس پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور  نے  گلگت بلتستان کے صوبائی وزرا کے وفد  سے بات چیت میں کہا ہے کہ  گلگت بلتستان میں بڑے منصوبوں کے لیے کثیر فنڈز پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے مہیا کیے۔

وفد میں گلگت بلتستان کے سینئر وزیر برائے جنگلی حیات و ماحولیات راجہ زاکریا، وزیر برائے اکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی شاہ بیگ، وزیرسیاحت راجہ نسیم،مشیربرائے خوراک شمس لون،، وزیر بلدیات عبدالحمید، وزیر صحت گلبرخان،معاون خصوصی برائے آبادی   حیدرخان شامل تھے۔

ملاقات میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل اور اس ضمن میں مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں دیر پا ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان میں تعلیم و صحت،سیاحت اور ہائیڈل پاور کے شعبے پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی جائے گی۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بھاری ذمہ داری تحریک انصاف کو سونپی ہے اور اس ذمہ داری کو عمران خان کے وژن کے مطابق عملی جامہ پہنانے کے لیے سب کو بھرپور محنت کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت سیاحت، تعلیم وصحت کے شعبوں میں اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے ان شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی جس سے عوام کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔

ملاقات میں صوبائی وزرا نے اپنے محکموں کے حوالے سے صورتحال سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے ان محکموں کی کارکردگی بہتر ین بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے تاکہ ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے اور دوسری جانب گلگت بلتستان کو حقیقی معنوں میں پاکستان کا معاشی حب بنایاجاسکے۔

اس موقع پر دیامر سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن محمد عاطف جاناں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر نے صوبائی وزرا کو اپنی وزارت اور تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔