رمضان پیکج: وزیراعظم کا غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہمی کا اعلان

لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے مہنگائی کے ستائے غریب عوام کے لئے بڑا رمضان پیکج تیار کیا ہے جس کے تحت غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ  وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔پہلی دفعہ غریب گھرانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پیکج ہے جو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں غریب ترین لوگوں کو خصوصی رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے غریب گھرانوں کو رمضان پیکج کے تحت آٹے کی فراہمی پر جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب ماڈل کی طرز پر ملک بھر میں رمضان پیکج کی غریب عوام کو فراہمی کے لئے وفاق صوبوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے رمضان پیکج کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کے علاوہ سیکرٹری فوڈ اور دیگر اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔۔۔