عمران خان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں، مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے،فارن فنڈڈ فتنہ چیف الیکشن کمشنر کو ہرجانے کا نوٹس دینے سے پہلے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کے نوٹسز کا جواب دے۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈڈ، فراڈ، جھوٹے، فتنے کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، ان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنہ شفاف الیکشن نہیں، ملک میں انتشار، فساد، لاشیں اور خون چاہتا ہے۔ فارن فنڈڈ فتنے کا جھوٹ اور بہروپ دونوں بے نقاب ہو چکے ہیں۔ فارن فنڈڈ فتنہ چیف الیکشن کمشنر کو ہرجانے کا نوٹس دینے سے پہلے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کے نوٹسز کا جواب دے۔

انہوں نے کہا کہ 5 سال سے شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں عمران خان مفرور ہے ۔ ہرجانے کا نوٹس اس لیے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ فتنے کا غلام بننے سے انکار کردیا، این آر او نہیں دیا ؟ہرجانے کا نوٹس اس لیے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ فتنے کی توشہ خانے کی ڈکیتیاں پکڑیں؟ ہرجانے کے نوٹس سے پہلے فارن فنڈڈ فتنہ بتائے کہ رات کو ناکام مارچ چھوڑ کر گھر سونے کے لیے کیوں بھاگ گئے؟۔