حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر معاشی خود مختاری گروی رکھ دی،شہبازشریف


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر معاشی خود مختاری گروی رکھ دی،اللہ ملک پررحم کرے ۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ یکم دسمبر سے ملک پر مہنگائی کا نیا بم پھینکنے کی تیاری غریبوں پر ظلم ہے، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر معاشی خود مختاری گروی رکھ دی،ملک میں گیس ہے نہ بجلی، آٹا، چینی، گھی سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی لیکن قرض پھر بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرض تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا لیکن عوام کو کچھ نہیں ملا، نہ ملک میں کوئی بہتری آئی، یہ پیسہ آخر گیا کہاں ؟ جولائی اکتوبر کے دوران حکومت کے غیرملکی قرض میں 18 فیصد کا ہوشربا اضافہ ہوا، گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران حکومت نے 580 ملیں ڈالر زیادہ قرض لیا، رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں حکومت نے 3.8 ارب ڈالر کے نئے غیرملکی قرض لئے، موجودہ حکومت تو چلی جائے گی لیکن معاشی دلدل سے نکلنا آسان نہیں ہوگا۔