وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے سفیر، حکومت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، فوا د چوہدری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فوا د چوہدری نے کہا ہے کہ27اکتوبر کے دن پاکستان کی قوم کشمیریوں سے یہ عہد کرتی ہے کہ جس طرح ہم پچھلی سات دہائیوں سے آپ کے پیچھے کھڑے ہیں ، ہم نے کشمیر کے لئے تین جنگیں لڑی ہیں، ہمارے قبرستان ان شہیدوں کے خون سے مہک رہے ہیں جنہوں نے کشمیر کے لئے قربانیاں دیں، ہم نے اپنی معیشت ، اپنی سیاست اوراپنی خارجہ پالیسی کشمیر ی عوام کی امنگوں کی نذر کی ہے۔ ہم اسی جذبے سے عمران خان کی حکومت آپ کے پیچھے کھڑی ہے، آج وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا سفیر ہے اور پوری دنیا میں کشمیر کے مسئلہ کے اوپر سب سے بھر پور آواز اٹھائی جارہی ہے۔

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے بدھ کے روز بھارت کی جانب سے کشمیر پر قبضہ کرنے کے دن کے حوالہ سے یوم سیاہ کی مناسبت سے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ27اکتوبرنقطہ آغاز ہے اس جدوجدہ کا جو کشمیر کے عوام نے آج سے کئی عشرے پہلے بھارت کے تسلط کے خلاف شروع کی۔ اس جدوجدہ میں مائوں نے اپنے لعل ، بہنوں نے اپنے بھائی ، سہاگنوں نے اپنے سہاگ اور بچون نے اپنے والدین کھوئے ہیں۔ ہزاروں افراد لاپتہ بنے، جو بھارت کی جیلوں میں دم توڑ گئے، جب اغوا ہوئے اس کے بعد کہاں گئے، جبر، استبداد اور استحصال کی وہ مثالیں جن کی دنیا ہمیشہ سے مذمت کرتی رہی ہے بھارت وہ مثالیں کشمیر میں روزانہ قائم کرتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب سے نریندر مودی کی حکومت آئی ہے جبر، استبداد اور استحصال کا یہ سلسلہ ایک نئے بام عروج کے اوپر پہنچا ہے۔ انشاء اللہ جبر کا یہ دور ختم ہوگا، انشاء اللہ آزادی کا سورج طوع ہو گا اور انشاء اللہ کشمیر کے لوگ وہ دن بھی دیکھیں گے جب ان کی اپنی حکومت ہو گی، انشاء اللہ ۔