پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی روابط میں فروغ خوش آئند ہے،سپیکر قومی اسمبلی

 ماسکو(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی روابط میں فروغ خوش آئند ہے،پارلیمانی سفارت کاری دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ روس کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر سے ملاقات کی۔ویلنٹینا میٹ ویانکو نے سپیکر اور پارلیمانی وفد کی فیڈرل اسمبلی آف رشین فیڈریشن آمد پر خیر مقدم کیا۔سپیکر نے روس کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا میٹ ویانکو کے پرتپاک خیر مقدم پر شکریہ ادا کیا۔ویلنٹینا میٹ ویانکو نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک استقبال اور میزبانی پر پاکستان کی پارلیمان کو خراج تحسین پیش کیا۔

سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی روابط میں فروغ خوش آئند ہے،پارلیمانی سفارت کاری دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ویلنٹینا میٹ ویانکو نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین پارلیمانی روابط میں اضافے کو روس قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان میں منعقدہ پہلی سپیکرز کانفرنس میں روسی ہم منصب کی شرکت اور حمایت کو سراہا۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے روسی ہم منصب کی روس کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کو مثبت پیشرفت قرار دیا۔سپیکر نے اپنے روسی ہم منصب کا پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی یقین دہانی کو سراہا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے مابین سفارتی، پارلیمانی و حکومتی سطح پر روابط میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے صدور اور وزرا اعظم میں حالیہ ملاقاتیں اور اعلی سطحی وفود کے تبادلے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمان کے مابین روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف دونوں ممالک کے مابین معاشی و اقتصادی اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے ویلنٹینا میٹ ویانکو کے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی، سفارتی اور دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے عزم کو سراہا،سپیکر کے روس کے دورے کو ویلنٹینا میٹ ویانکو نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، تجارتی اور کاروباری روابط بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری میں رابطے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔پارلیمانی وفد اراکین قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان، سید آغا رفیع اللہ، عبدالقادر پٹیل، ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور شیر علی ارباب پر مشتمل ہے