ترکیہ اور پاکستان کا مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری و تعاون پر اتفاق


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیرولو نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری و تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت نجکاری سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ہمارے درمیان حالات موافق ہیں، مقاصد واضح اور منزل ایک ہی ہے، ترکیہ پاکستان سے باہمی تعلقات کو باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دینا چاہتا ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ترکیہ کے ترقی کے ماڈل کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی اس ماڈل سے مستفید ہونا چاہتا ہے جس کے لئے ترکیہ کے ساتھ جوائنٹ وینچرز سمیت سرمایہ کاری کے بہترین آپشن اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیرولواور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو کاروباری شراکت میں تبدیل ہونا چاہئے جس کے لئے پاکستان میں مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،روڈ نیٹ ورک بہتر بنانا بڑا چیلنج ہے کیونکہ شاہراہوں سے منسلک کر کے ہی کسی بھی ملک میں ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام ایک ہی برادرانہ تعلق میں بندھے ہوئے ہیں اور مستقبل میں جس قدر ممکن ہو اس تعلق کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بزنس مین جتنا آسانی سے سفر کریں گے اتنا ہی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،ہمارا کام کاروبار ی افرادکو قریب لانا ہے باقی کام خود ہی شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ترکیہ اور پاکستان میں پرکشش منافع کمانے کا موقع ملنا چاہئے۔ترک سفیر عرفان نیزیرولو نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور دو طرفہ سرمایہ کاری کے لئے قابل عمل ماڈل کو اختیار کرنے کا عندیہ دیا۔