پیپلز پارٹی فلسطینی عوام کے کاز اور ان کے حقِ خودمختاری کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی،بلاول بھٹو


کراچی(صباح نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی فلسطینی عوام کے کاز اور ان کے حقِ خودمختاری کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے فلسطینی عوام کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غزہ میں جاری مظالم کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ چیئرمین نے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، قابض افواج کے انخلا، اور غزہ میں محصور جنگ زدہ عوام کے لیے امدادی سرگرمیوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور امنگوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے تاریخی مقف کا اعادہ کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ مسئلے کے پائیدار اور منصفانہ حل کی جانب بڑھنے کا واحد راستہ ہے