پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کردی


کراچی  (صباح نیوز ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ میں بھی کئی بار گورنر راج لگانے کی بات کی گئی، ہم گورنر راج یا کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کبھی گورنر راج کی بات بھی نہیں کرے گی۔  واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد پر چڑھائی اور اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کے بعد حکومت خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے پر غور کررہی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا معاملہ زیر بحث آیا تھا، تاہم یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس معاملے پر اتحادی سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائیگا۔ لیکن اب پاکستان مسلم لیگ ن کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کردی ہے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ستمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ اگر حالات ناگزیر ہوجائیں تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگایا جا سکتا ہے۔