اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،ڈاکٹر حمیرا طارق


ملتان(صباح نیوز) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ حلق خواتین جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے سالانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ارکان و کارکنان نے لگن اور محنت سے ممبر سازی جیسے اہم فریضے کو انجام دیا -اب اس سے اہم کام ممبران کی صلاحیتوں کو بروے کار لاتے ہوئے ان کو تنظیم میں سمونا ہے- تا کہ وہ انقلاب امامت کے لشکر کا حصہ بن سکیں –

غزہ کی درد ناک صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ایک سال کے دوران غزہ میں شہادتوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ چکی ہے ،ہر قسم کی امداد، خوراک، ادویات طبی آلات پہنچائے جانے کا ہر راستہ بند کر دیا گیا ہے، رفح میں 15 لاکھ سے زائد افراد خیمہ بستی میں مقیم ہیں لیکن اسرائیلی جارحیت سے محفوظ نہیں ، اس کے ساتھ ہی لبنان پر اسرائیلی سفاکانہ حملوں میں کئی ہزار شہری شہید ہو چکے ہیں،انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی ان تمام شرمناک جسارتوں کے باوجود پوری دنیا کے حکمرانوں پر سکوت طاری ہے۔ اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک امریکہ اور یورپ کے خوف سے عملی قدم اٹھانے سے گریزاں ہیں ، عالمی برادری، اقوام متحدہ،عالمی عدالت انصاف کو غزہ کے لیے امداد پہنچانے میں حائل رکاوٹیں فوری ختم کروانی چاہئیں۔

اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، غزہ اور لبنان میں فوری اور عملا جنگ بندی کروائی جائے، مسئلہ فلسطین کا ایک ریاستی آذاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے،حکومت پاکستان سرکاری سطح پر صہیونی مصنوعات پر پابندی عائد کرے،انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کے حکمرانوں کو چاہیے کہ مظلوم اہل غزہ کے خلاف ہونے والے ظلم و ستم کو رکوانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں ، پاکستانی حکومت فلسطینی عوام کی بھرپور امداد کے لئے سرکاری سطح پر مہم چلائے “اجلاس میں وائس سیکریٹری جنرل عطیہ نثار, صوبائی صدر شازیہ سیال, صوبائی نائبینِ ,صدورِ اضلاع و ضلعی نائبین نے شرکت کی