سینئر صحافی مطیع اللہ جان کا2روزہ جسمانی ریمانڈ معطل

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے 2روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا، عدالت عالیہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ مطیع اللہ جان کو جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل بینچ نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کی معطلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔مطیع اللہ جان کے وکلا ایمان مزاری، ہادی علی چٹھہ اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ریاست علی آزاد نے عدالت میں موقف اپنایا کہ مطیع اللہ جان کے خلاف مقدمہ جھوٹ اور بے بنیاد کہانی ہے۔عدالتی ہدایت پر انسداد دہشت گردی عدالت کا آرڈر پڑھا گیا، عدالت نے مطیع اللہ جان کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قرار دیا کہ مطیع اللہ جان کو عدالتی ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔مطیع اللہ جان کی وکیل ایمان حاضر مزاری نے کہا کہ مطیع اللہ جان کی درخواست ضمانت آج ہی دائر کی جائے گی۔

اس سے قبل وکیل ایمان حاضر مزاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مطیع اللہ جان کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ مطیع اللہ جان کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے صحافی مطیع اللہ جان کے اغوا اور ان کے خلاف جھوٹی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر)کے اندراج کی مذمت کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطیع اللہ جان کے خلاف درج ایف آئی آر کو مضحکہ خیز اور جھوٹا قرار دیا تھا۔بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، بار ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ معاملے کی عدالتی تحقیقات کروائی جائے۔