بیروت( صباح نیوز) وسطی بیروت کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی فورسز کے حملے میں 11 شہری شہید، درجنوں زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی مضافاتی علاقوں حدث اور چویفت کو بھی نشانہ بنایا، صیہونی حملوں میں 5 لبنانی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اسرائیل نے بیروت کے حدث، برج البرجنہ سے جبری انخلا کے احکامات جاری کر دیئے، لبنان کے تاریخی شہر طائر کے ساحل پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دو ماہی گیر شہید ہو گئے۔ اسی طرح لبنان میں حزب اللہ کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں ،حزب اللہ نے اسرائیل میں راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لبنان کے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے 8 منزلہ عمارت پر 4میزائل داغے، جس کا ہدف زیر زمین بنکر بھی تھے۔ اسرائیل، حزب اللہ کے سینئر رہنمائوں کو نشانہ بنانے کے لیے بنکر تباہ کرنے والے ہتھیاروں کو پہلے بھی استعمال کرچکا ہے۔ لبنان کا دارالحکومت ہفتے کو علی الصبح 4 بجے اسرائیلی حملے کے نتیجے میں پورا شہر لرز اٹھا اور بارود کی بو شہر بھر میں کئی گھنٹے تک پھیلی رہی۔ بیروت کے جس علاقے میں اسرائیل نے عمارت پر حملہ کیا، یہ علاقہ قدیمی دکانوں کی وجہ سے مشہور ہے، حملے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے تباہ شدہ عمارت کے ملبے کی تلاشی لی۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ہفتے کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بیروت کے جنوب میں حزب اللہ کے مضبوط سمجھے جانے والے مضافاتی علاقوں میں بھی اہداف پر حملے کیے گئے، تاہم اس میں وسطی بیروت پر کیے گئے حملے کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔
وسطی بیروت میں اسرائیل کے حملے میں نشانہ بننے والے خاندان کے ایک مرد ہسپتال کے باہر ایک خوفزدہ خاتون کو تسلی دیتے نظر آئے، اس حملے میں ان کی بیٹی بھی زخمی ہوئی ہے۔ اپنی بچی کی تصویر ہاتھ میں تھامے ہسپتال کے باہر موجود نیمر زکریا نامی لبنانی شہری نے بتایا کہ حملے کے بعد ہر طرف دھول ہی دھول تھی، متعدد گھروں میں دراڑیں پڑ گئیں، لوگ خوفزدہ ہوکر ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ، میری بیٹی اور ایک رشتے دار خاتون (آنٹی) بھی اس حملے میں زخمی ہوئی ہیں جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں، میرے بیٹے کو بھی زخم آئے ہیں۔ لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے گاوں رووم پر بھی حملہ کیا جس میں کم از کم 5 افراد شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں 3 ہزا ر645 افراد شہید جبکہ 15 ہزار 355 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھر، غزہ کی وزارت صحت نے جاری ایک بیان میں بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 44 ہزار 176فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 44 ہزار 473 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔