ماسکو(صباح نیوز) روس نے کورسک علاقے میں یوکرین کے حملے کے بعد سے 40 فیصد سے زیادہ علاقہ واپس اپنے قبضے میں کر لیا ہے۔یوکرین نے 1,376 مربع کلومیٹر کا علاقہ کنٹرول میں لیاتھا جو اب800مربع کلومیٹر کا علاقہ رہ گیاہے ،روسی فو جیوں کے ساتھ 11,000شمالی کوریائی فوجی کورسک علاقے میں روس کی مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے کورسک علاقے میں تقریبا 59,000 فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔یوکرین کے حکام نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے زیادہ سے زیادہ 1,376 مربع کلومیٹر (531 مربع میل)کا علاقہ کنٹرول کیا تھا، لیکن اب یقینی طور پر یہ علاقہ کم ہو چکا ہے۔ دشمن نے اپنے جوابی حملے تیز کر دیے ہیں۔اب ہم تقریبا 800 مربع کلومیٹر (309مربع میل)کا علاقہ کنٹرول کر رہے ہیں۔ ہم اس علاقے کو اس وقت تک برقرار رکھیں گے جب تک یہ فوجی لحاظ سے مناسب ہو گا۔کورسک پر یوکرین کا حملہ دوسری جنگ عظیم کے بعد روس پر ہونے والا پہلا زمینی حملہ تھا اور اس نے ماسکو کو غیر متوقع طور پر پکڑ لیا۔یوکرین کا مقصد کورسک میں حملے کے ذریعے مشرقی اور شمال مشرقی یوکرین میں روسی حملوں کو روکناتھا، روس کو مشرق میں آہستہ آہستہ اپنی فورسز پیچھے ہٹانے پر مجبور کرنا اور کیف کو مستقبل میں کسی بھی امن مذاکرات میں اضافی فائدہ حاصل کرنا تھا۔تاہم، روسی فورسز یوکرین کے مشرقی ڈونٹسک علاقے میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔یوکرین کے جنرل اسٹاف کے ذریعے نے غیرملکی خبررساں اداے کو بتایاکہ تقریبا 11,000 شمالی کوریائی فوجی کورسک علاقے میں روس کی مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں، لیکن ان کی بیشتر فورسز ابھی تربیت مکمل کر رہی ہیں۔روس نے کورسک میں شمالی کوریائی فوجیوں کی موجودگی کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
کروسک ریجن کا علاقہ اب یوکرین کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ہے کیونکہ روسی فورسز وہاں روزانہ 200 سے 300 میٹر کی رفتار سے پیش قدمی کر رہی ہیں اور کچھ علاقوں میں وہ بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے مخالف دفاعی لائنوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔کرخووے کا شہر ڈونٹسک کے علاقے میں پوکروفک کے اہم لاجسٹک حب کی طرف ایک اہم قدم ہے۔مجموعی طور پر روس کے پاس اس وقت یوکرین میں لڑنے کے لیے تقریبا 575,000 فوجی ہیں، اور روس اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا کر تقریبا 690,000 تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔