کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے آفاق شاہد پارک، اورنگی ٹاؤن میں الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے کے لیے”بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0” میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ جماعت اسلامی و الخدمت کی قیادت و رضاکاروں نے ایک مرتبہ پھر شاندار بنوقابل ٹیسٹ کا انعقاد کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں،بنوقابل کی پوری سرگرمی کے ذریعے ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھامنا چاہتے ہیں۔ الخدمت بنو قابل کے پلیٹ فارم سے گزشتہ 2 سال میں 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گئے اور انہیں اس قابل بنایا کہ وہ اپنا روزگار کما سکیں۔ حکومت و ریاست کا کام ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، صحت جیسی بنیادی ضروریات کی چیزیں فراہم کرے لیکن حکومت و ریاست نے عوام کو تعلیم سے محروم کیا ہوا ہے اور وہ اپنے حصے کا کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، پورے ملک میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، سندھ میں 73 لاکھ بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔وطن عزیز بے شمار قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کا ہاتھ تھاما جائے۔تمام سروے کے مطابق ملک کے نوجوان ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوان طلبہ و طالبات کو کورسز کرنے کے بعد اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم اسلام اور دین پر فخر کریں گے اور آئی ٹی و ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرنے کے بعد اس کا موثر استعمال کریں گے۔سی ای او الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن، مومن آباد اور منگھو پیر کے نوجوان طلبہ و طالبات آج علم کی شمع روشن کرنے کے لیے جمع ہیں، یہ نوجوان اپنے شہر کا نہیں بلکہ اپنے ملک کا مستقبل روشن کریں گے ، کراچی میں نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمتیں اور نوجوانوں کے پڑھنے کے مواقع بند کردیے گئے ہیں ،آج سے ڈھائی سال قابل حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر بنو قابل پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ابتداء میں بنو قابل کے صرف 9 مراکز تھے آج شہر بھر میں 55 مراکز قائم ہیں، پہلے صرف 5 کورسز کروائے جارہے تھے اور آج 28 کورسز کروائے جارہے ہیں۔ بنوقابل 2.0 سے کورسز کرنے والی خواتین نے اپنا روزگار کمانا شروع کردیا ہے۔ آج کئی خوتین ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے کما رہی ہیں۔ ہم صرف کورسز ہی نہیں کروا رہے بلکہ طلبہ و طالبات کے لیے banoqabiljob.com پورٹل بھی بنادیا ہے۔ پورٹل میں ہزاروں کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جو انہی طلبہ و طالبات کو ملازمتیں دیں گی ، نوجوان طلبہ و طالبات دل لگا کر محنت سے پڑھیں اور آئی ٹی کے میدان میں اپنا نام پیدا کریں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع عربی مدثر حسین انصاری نے کہا کہ ہم بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں نوجوانوں اور اہل اورنگی کو خوش آمدید کہتے ہیں ،
اورنگی ٹاؤن کے نوجوان طلبہ و طالبات پڑھنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی نے اورنگی کے نوجوانوں کا ہاتھ تھاما ہے اور ہم انہیں پڑھائیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔ اورنگی ٹاؤن کو ہمارے بزرگوں نے مشرقی پاکستان سے آکر بسایا تھا۔ یہاں ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد موجود ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں اہل اورنگی نے 8 میں سے 6 نشستوں پر جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کیالیکن مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں کیس دائر کیا لیکن آج تک جس کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ اورنگی ٹاؤن کا چیئرمین جماعت اسلامی کا بننے جارہا تھا جسے روکا گیا۔ آج اہل اورنگی جعلی اور قابض ٹاؤن چیئرمین سے پریشان ہیں کیونکہ ان کے مسائل حل نہیں ہو رہے ۔ پیپلز پارٹی کے جعلی ٹاون چیئر مین کی پشت پناہی سے قبضہ مافیا کی سرپرستی کی جا رہی ہے، جماعت اسلامی نے قبضہ مافیا کے خلاف تحریک چلائی ۔
آفاق شاہد پارک کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں شریک طلبہ طالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا، اس موقع پرموجود تمام قائدین اور ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا،ضلع غربی اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے”بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0” میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا،کامیاب طلبہ و طالبات کو ویپ ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ تقریب میں چیئرمین ساکو فیض خان، انٹرنیشنل باکسر نادر بلوچ، فاسٹ بولر پاکستان کرکٹ ٹیم میر حمزہ، گولڈ میڈلسٹ این ای ڈی مریم محمود، وکیل جرمن اسکول نورین نازلی، طوبہٰ فائونڈیشن کے طلحہ عالم و حافظ محمد شاہد، اسلامیہ ہائی اسکول کے خالد جمال ،طائی کوانڈو کے ماہر ماسٹر محمد صدیق، نادرا ایکسپرٹ طاہر امیر الحسن، کراٹے انٹر نیشنل کراٹے چیمپئین سیف الرحمن،انٹرنیشنل فٹبالر علی رضا، اتالیق کے بانی شہزاد قمرودیگر موجود تھے۔سکریٹری ضلع غربی عبد الحنان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ نائب امیر کراچی محمد اسحاق خان نے منگھوپیر سے تعلق رکھنے والے انٹر نیشنل فٹبالر علی رضا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر ایک بہت بڑا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ”اب وقت ہے آگے بڑھنے کا” اسٹیج کے دائیں اور بائیں جانب ایس ایم ڈی لگائی گئیں تھیں جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔