اسلام آباد(صباح نیوز)پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو احتجاج اور دھرنوں کی نہیں بلکہ ترقی وخوشحالی کی ضرورت ہے،اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی،9 مئی کے کیسز کا حساب ہونے تک سازشیں بند نہیں ہوں گی۔ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دانیال چوہدری نے کہا کہ بشری بی بی کا سعودی عرب کے حوالے سے بیان کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہے۔
اس سے پہلے امریکہ سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ سعودی عرب کے خلاف ان کا بیان قابل مذمت ہے۔پہلے امریکہ کے بارے میں بتایاگیا کہ اس نے ہماری حکومت ہٹائی اب سعودی عرب کا نام لیاگیا ہے۔وہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب کرنا چاہتی ہیں،جس نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی عرب سے 27 مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔5 ارب 40 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا گھر کی لڑائی کو باہر لانا ہے۔بنیادی طور پر یہ ان کے گھر کی تین خواتین کی لڑائی ہے کہ پارٹی کی قیادت کون سنبھالے گا۔
انہوں نے مدینہ سے تحفہ میں لائی گھڑی جھوٹ کی بنیاد پر بیچ کر اس سے کاروبار کیا اور پاکستان کو بدنام کیا۔دانیال چوہدری نے کہا کہ جوں ہی پاکستان بہتری کے راستے پر گامزن ہوتا ہے یہ احتجاج اور بدامنی پھیلانا شروع کردیتے ہیں۔اس سے قبل ایس سی او کانفرنس کے موقع پر احتجاج کی کال دی گئی۔اب بیلاروس کے صدر کا دورہ پاکستان ہے ایک بار پھر احتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے،آج پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے،یہ وہ جماعت ہے جو دعائیں کررہی تھی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہ ہو۔آج پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہورہا ہے۔مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر،شرح سود میں کمی آئی،روپے کی قدر میں استحکام ہے،سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ انڈکس سے تجاوز کرگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل استعمال کرکے وفاق پر چڑھائی کی جاتی ہے،یہ لوگوں کے بچوں کے مستقبل سے کھیلتے ہیں ان کی سیاسی موت یہ ہے کہ پاکستان بہتری کی جانب گامزن یے۔ترسیلات زر 11.8 ارب ڈالر سے بڑھ گئی ہے۔یہ عمران خان سے پیغام لے کر قوم میں مایوسی پھیلا رہی ہیں،یہ ففتھ جنریشن وار ہے جسے معیشت پر حملہ آور ہونے کے لئے استعمال کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بجلی صارفین کو ریلیف دیا،صنعت کو اس سے فروغ ملے گا،عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ایسے وقت میں احتجاج اور دھرنے کی کال سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے اپنے صوبے میں 6 ارب کی میٹرو 90 ارب روپے میں بنائی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسی جتھے کو یہ اجازت نہیں دے گی وہ اسلام آباد پر چڑھائی کرے گا۔اس کے خلاف قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے لئے مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اس کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ہماری نسلوں کے خلاف کوئی سوچ پروان چڑھنے نہیں دی جاسکتی۔ان کے پاکستان مخالف احتجاج اور سازشیں 9 مئی کے ذمہ داروں کے جوابدہ ہونے تک یوں ہی جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ احتجاج کے دوران اٹک میں پولیس کو حبس بے جا میں رکھا گیا ان پر تشدد کیاگیا،سرکاری آنسو گیس اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کی گئی۔صوبے میں ان کی تیسری مدت ہے لیکن سیاست کے علاوہ انہوں نے کچھ نہیں کیا۔دانیال چوہدری نے کہا کہ جلائو گھیرائو میں ملوث عناصر کے خلاف آئینی ہاتھوں سے نمٹیں گے،ہم نے احتجاج سے کسی سیاسی جماعت کو نہیں روکا۔تاہم ریاست کی عملداری میں خلل کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کس سے کریں یہاں دوبیبیوں کے گروپ ہیں،ان کی اپنی صفوں میں اتحاد نہیں ہے،دبائو اور بلیک میلنگ سے ان کے مطالبات منظور نہیں کئے جاسکتے،اس جماعت نے ریاستی اداروں پر حملہ کیا،یہ بیرون ملک بیٹھے اپنے لابسٹ کے کہنے پر یہ اقدامات اٹھاتے ہیں،پاکستان کو کمزور کرنے والے کبھی محب وطن نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔اس کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔