پاراچنار (صباح نیوز)پارا چنار میں خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پرفائرنگ، وفد محفوظ رہا۔تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں خیبر پختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ ہوئی ہے، ہیلی کاپٹر میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وفد موجود تھا اور وفد وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر روانہ ہوا۔ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کی محفوظ لینڈنگ ہوئی ہے، خیبر پختونخوا حکومت کا وفد محفوظ رہا، وفد وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر کرم کے حالات کا جائزہ لینے اور امن و امان کی بحالی کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کرم روانہ ہو ا،
وفد میں چیف سیکریٹری اسلم چوہدری، کمشنر کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی کوہاٹ اور دیگر شریک تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارہ چنار میں خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تاہم ہیلی کاپٹر نے محفوظ لینڈنگ کی اور خیبرپختونخوا حکومت کا وفد محفوظ رہا۔قبل ازیں آفتاب عالم ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت، پولیس اور دیگر ادارے مل کر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے اور بھرپور کردار ادا کریں گے۔