الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کےتحت مختلف کورسز میں کامیاب طلبہ میں تحائف واسناد تقسیم


 کراچی(صباح نیوز)الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کی جانب سے قصبہ کالونی سینٹر میں مختلف کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ میں تحائف واسناد تقسیم کردی گئیں ۔85طلبہ نے الخدمت کے اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرسے موبائل ریپیئرنگ، جنرل الیکٹریشن، سولر پی وی ٹیکنیشن ، ٹیلرنگ اور انگلش اسپوکن جیسے کورسز کامیابی سے مکمل کیے۔تقریب تقسیم اسناد سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی اور ڈائریکٹر اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر یوسف محی الدین نے خطاب کیا ۔اس موقع پر منیجر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام محمد طارق ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ ہمارے نوجوان محنتی اور قابل ہیں ،ان کو مواقع دستیاب ہوں تو یہ بڑے بڑے کام کر سکتے ہیں اور اپنے ملک کیلئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام نوجوانوں کا پروگرام ہے ،نوجوان اس پروگرام سے استفادہ کرکے ہنر سیکھ سکتے ہیں ۔ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام سے بڑی تعداد میں نوجوان مختلف کورسز سیکھ کر اپنے کام کا آغاز کر چکے ہیں جو بڑی خوش آئند بات ہے ۔

آج کا نوجوان اپنے مستقبل کیلئے فکر مند ہے ،تاہم مواقع کی دستیابی کی ضرورت ہے ۔ الخدمت نوجوانوں کو کورسز سیکھ کر آگے بڑھنے اور اپنے خاندان کی بہترین کفالت کرنے کے قابل بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل خیر اس منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں تاکہ اس پروگرام کو مزید وسیع کیا جا سکے ۔