کراچی(صبا ح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان نے دریائے سندھ سے مزید 6کینال نکالنے والے منصوبہ پر (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے اختلافات کی خبروں کو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے والد ارسا ایکٹ میں ترمیم کے مسودے پر دستخط کرچکے ہیں ، پانی پر ڈاکے سے لیکر کمپنیوں کو سندھ کی قیمتی زرعی زمینیں دینے اور کارونجھر کی کٹائی وسندھ کے حقوق پر سودے بازی تک پیپلزپارٹی برابر کی شریک ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان نے کہاکہ پانی کے مسئلے پر سندھ کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت عوام کے شدید احتجاج پر پیپلزپارٹی فیس سیونگ کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد اور بیان بازی کررہی ہے ۔اگر واقعی پیپلزپارٹی کینالوں کے معاملے پر سنجیدہ ہے تو انہیں سندھ کے عوام کے امنگوں کے مطابق احتجاجی تحریک میں شامل ہوکر وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرنا چاہئے۔#