ممتاز سماجی کارکن رضوان ایدھی کو قتل کی دھمکیاں ،انصاف کے منتظر


کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقے جمشید روڈ نمبر 2 قریشی چوک پر 7 اکتوبر 2024 کو ایک مبینہ حملے اور قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ اس حوالے سے رضوان ایدھی اور ان کے ساتھ اہل محلہ نے پولیس کنٹرول 15 کو فوری اطلاع دی بعد ازاں پولیس حکام ڈی آئی جی ایسٹ ، ایس ایس پی ایسٹ اور رینجرز کہ اعلی احکام کو تحریری بھی اطلاع دی کہ ان کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان پر حملہ کرنے کے لیے چھرا نکالا گیا ہے۔

رضوان ایدھی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل 20 ستمبر 2024 کو بھی قریشی چوک اور اس کے اطراف میں غیر قانونی و غیراخلاقی سرگرمیوں کے بارے میں آہی جی سندھ کمپلینٹ سیل کو تحریری مطلع کیا جا چکا تھا۔تفصیلات کے مطابق سماجی کارکن رضوان ایدھی نے بتایا کہ انہیں حکیم محمد سعید شہید کے قتل کیس میں نامزد ملزمان اور ان کے ساتھیوں  کے نام پر مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات کی درخواست کی ہے اور حکیم سعید شہید کے قتل کیس کو بھی دوبارہ ری اوپن کرنے کی استدعا کی ہے۔ مزید برآں، انہوں نے اپنی رہائشی عمارت میں غیر قانونی تعمیرات اور بجلی کے کنڈوں کے زریعے بجلی چوری ہونے کے معاملے کی بھی نشاندہی کی اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا۔رضوان ایدھی نے اپنے تمام دوستوں، میڈیا نمائندوں میمن فیڈریشن کے دوستوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ان کی ھمت بڑھائی اور ان کے ساتھ نیکی کے کام میں تعاون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی قسم کے ظلم یا دبا کو برداشت نہیں کریں گے اور قانون کی مدد سے ان غیر قانونی سرگرمیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔7 اکتوبر 2024 کو رضوان ایدھی پر ہونے والے حملے اور ان کے ساتھ دھمکیوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان سے ملاقات کی۔ رضوان ایدھی نے مزید بتایا کہ علاقے کے عوام نے ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی تفصیلات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔رضوان ایدھی نے اندرون ملک و بیرون ملک مقیم اپنے دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے ساتھ ہونے والے واقعات میں اپنی حمایت کا اظہار کیا۔نیز 9 اکتوبر 2024 کو تھانہ جمشید کوارٹرز میں دی گئی درخواست کے حوالے سے یوسی آفس میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔

اس اجلاس میں یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور رضوان ایدھی کے علاوہ بلڈنگ کے دو معزز ممبران بھی موجود تھے، تاہم جن کے خلاف شکایات تھیں ندیم قریشی، ارشد اور خرم یو سی آفس کہ بلانے پر بھی شریک نہیں ہوئے۔ یوسی کی رپورٹ بھی متعلقہ اداروں میں جمع کر ا دی گئی ہے ،رضوان ایدھی کا کہنا تھا زندگی و موت اللہ پاک کہ اختیار میں ہے وہ پرامید ہیں کہ قانون اپنے راستے پر عمل کرے گا اور ان کے خلاف ہونے والی غیر قانونی سرگرمیاں جلد بے نقاب ہوں گی۔ وہ یقین رکھتے ہیں کہ ان کے خلاف ہونے والی دھمکیاں اور غیر قانونی سرگرمیاں ناکام ہوں گی اور قانون اپنے طور پر اپنا راستہ بنائے گا۔