سموگ سے اموات اور جی ڈی پی کی شرح میں کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے،احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ  ہم نے روئیے نہ بدلے تو سموگ اور فضائی آلودگی سے اموات اور جی ڈی پی کی شرح میں کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے، قومی سطح پر یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے،سموگ نے صحت اور زندگی کے معمولات پر منفی اثرات ڈالے ہیں ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت جڑواں شہروں میں سموگ اور فضائی آلودگی پر اجلاس منعقد ہوا ،ورلڈ بینک، پنجاب پی اینڈ ڈی، این ڈی آر ایم ایف، وزارت ماحولیات اور این ڈی ایم اے کے حکام نے شرکت کی ہے ،اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کو سموگ سے بچانے کے لئے پالیسیوں اور اقدامات پر غور کیا گیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سموگ ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے، اسے ایمرجنسی کے طور پر لینا ہوگا،ہم نے روئیے نہ بدلے تو سموگ اور فضائی آلودگی سے اموات اور جی ڈی پی کی شرح میں کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے، قومی سطح پر یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، حکومت کے فائیو-ای پلان میں ماحولیات کا اہم حصہ شامل ہے،علم کی کمی نہیں، اصل مسئلہ عمل درآمد میں ہے،تمام اداروں کو مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے،وفاقی و صوبائی اداروں اور اکیڈمیا کے ساتھ مربوط حکمت عملی ضروری ہے، سرحدی آلودگی، گاڑیوں کا دھواں، فصلوں کا جلانا اور شہری ترقی سموگ کے اسباب ہیں،سموگ نے صحت اور زندگی کے معمولات پر منفی اثرات ڈالے ہیں،اگر بروقت اقدامات نہ کئے تو مستقبل میں سنگین نتائج کا سامنا ہوگا،عوامی آگاہی ضروری ہے، ہر شہری اپنے ماحول اور طرز عمل پر توجہ دے، مربوط ایکشن پلان کی ضرورت ہے، عمل داری کو یقینی بنانا ہوگا۔