اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100-انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے،بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی،آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مارچ 2024 سے سٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، 14 برس بعد پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے،سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی،گزشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔وزیرِاعظم نے کہا کہ مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکانٹ سرپلس میں ہے،بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فیسیلٹی معیشت میں مزید بہتری لے کر آئے گی،پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، اپنے عوام سے عہد کیا تھا کہ لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے گئے اس ملک کو مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نا اہلی کے نتائج کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی،آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے۔ وزیرِاعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔۔