فیصل آباد سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب


فیصل آباد (صباح نیوز)اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے جو اس شہر اور پاکستان بلکہ دنیا کی ترقی کیلئے نئی راہوں کا تعین کرے گا۔

وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیراہتمام سائبر آباد کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں لیکن وہ نوجوان نسل کو آئی ٹی کا مزدور بنانے کی بجائے آئی ٹی انٹر پرینوئرز بنانا چاہتے ہیں جو اپنی بلین ڈالر کی کمپنیاں قائم کر سکیں۔انہوں نے4اہم مشکلات کی نشاندہی کی اور بتایا کہ انہیں ایسے طالبعلم نہیں مل رہے جن میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہو۔اس طرح موجودہ تعلیمی اداروں کے آئی ٹی کے کورس صنعتوں کی عملی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے مستند اساتذہ بھی نہیں مل رہے جبکہ ان کی  فوری تعیناتی کیلئے بھی قابل عمل حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوں نے چیمبرکے   صدر ڈاکٹر خرم طارق سے کہا کہ وہ انہیں صرف50 مخلص طلبہ دیں جن کو 6ماہ کی تربیت دی جائے گی تاکہ ان میں سے ہر بچہ اپنی الگ شناخت سے آئی ٹی کی اربوں ڈالر کی کمپنیاں تشکیل دے سکے

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اخوت اور چیمبر کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا اور اخوت اِن بچوں کی رہائش، خوراک اور تربیت سمیت دیگر ہر قسم کی ضرورتوں کو پورا کرے گی-اخوت کے بارے میں انہو ں نے بتایا کہ 100ڈالر سے شروع ہونے والا یہ ادارہ اب 1  ار ب ڈالر 60لاکھ ضرورتمند خاندانوں میں تقسیم کر رہا ہے۔اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو فوری طور پر 50طلبہ فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان میں خصوصی طلبہ بھی شامل ہوں گے۔2سال قبل چیمبر کے صدر کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے فیصل آباد کو ٹیک اینڈ سٹائل کے نام سے خطے کا ٹیکنیکل محور و مرکز بنانے کا اعلان کیا تھا مگر اِس پر عملدرآمد کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ مقامی یونیورسٹیوں کے 82فیصد آئی ٹی گریجویٹ بے روزگار ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد کو ہنر مند افرادی قوت برآمد کرنے والا شہر قرار دیا اور کہا کہ یہاں کے نوجوان لاہور اور اسلام آباد منتقل ہو رہے تھے جبکہ اب پاکستان سے برین ڈرینجاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر کی صنعتیں بی ایم ڈبلیو اور مرسڈیز جیسی معروف کمپنیوں کو پرزے فروخت کر رہی ہیں مگر اِن کی اپنی کوئی شناخت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے 50اور سو ڈالر کا کام لیکر ہمارے نوجوانوں کو 5ڈالر پرٹرخا رہے ہیں کیونکہ ہم نے اپنی کمپنیاں بنانے پر توجہ نہیں دی۔تقریب سے چیمبر کے نومنتخب صدر ریحان نسیم بھراڑہ لاہور گریژن ایجوکیشن سسٹم کے چیئرمین میجر جنرل (ر) سعید احمد ناگرہ، آئی ٹی کے ماہر ضیا خاں (تمغہ امتیاز)، سلیم رانجھا، سائبر آباد کے روح رواں محمد اظہر چوہدری اور ڈی جی کھاتہ کے عدنان اسلم نے بھی خطاب کیااس موقع پر چیمبر کے گروپ لیڈر میاں محمد ادریس،میاں جاوید اقبال، چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی،سٹی پولیس آفیسر کامران عادل اور آئی ٹی کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔