حکمران،عالمی دہشت گرد امریکہ و اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے منظم ہوجائیں۔حافظ نعیم الرحمن


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے  کہا کہ مسلم امہ کے حکمران ہوش کے  ناخن لیں،عالمی دہشت گرد امریکہ و اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے منظم ہوجائیں،ایسا نہ ہو کہ آپ کی دولت اور فوجیں بھی آپ کے کام نہ آسکیں۔شہباز شریف کو  یو این او میں دو ٹوک انداز میں بات کرکے موقف پیش کرنا چاہیے تھا  دو ریاستی حل کی بات کرکے  طاغوتی قوتوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں،معلوم ہونا چاہیے تھا کہ قائد اعظم نے کہا تھا اسرائیل امریکہ کی ناجائز اولاد ہے،حکمران ایجنٹ کا کردار ادا نہ کریں بلکہ اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں،مسلم حکمران آئرش وزیراعظم کی تقریر سے سبق سیکھ لیں،جو جتنا پہلے آگے بڑھ کر ظلم کے خلاف آواز بلند کرے گا،اسرائیل کو روکے گا وہی اپنی عوام اور زمین کا دفاع بھی کرسکے گا،مجتمع ہوکر فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کریں،جماعت اسلامی یکم تا سات اکتوبر  فلسطین کے حوالے سے ہفتہ یکجہتی منائے گی،کراچی اور اسلام آباد میں بڑے ملین مارچز کا انعقاد کرے گی ،سات اکتوبر کو تمام سیاسی و دینی جماعتوں کے کارکنان سے دن بارہ بجے سڑکوں پر آنے کی اپیل کرتے ہیں،حکومت سرکاری سطح پراس کا اہتمام کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادرہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر کراچی منعم ظفر،سیکرٹری توفیق الدین صدیقی،ڈپٹی سیکرٹری  قاضی صدرالدین،سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی،نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہد اور سیکرٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری بھی موجود تھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے راولپنڈی معاہدہ پر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہیں کیا، دکھاوے کے چند اقدامات کا اعلان کیا گیا جو ہمیں منظور نہیں ہیں،آئی پی پیز معاہدے ختم کئے جائیں، جاگیرداروں پر ٹیکس  عائد اور تنخواہ دار طبقہ اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دیا جائے ، حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور سود کی شرح کو بتدریج کم کیا جائے۔ ان اقدامات سے ہونی والی اربوں روپے کی بچت کو بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے، پٹرول کی قیمت کو عالمی منڈی کے مطابق لایا جائے اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حکومت کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے کم وبیش 25ارب ڈالر کا فائدہ امپورٹ بل کی صورت میں حاصل ہوا ہے، اس فائدہ سے عوام کو ریلیف ملے تو پٹرول کی قیمت 150روپے فی لٹر تک آجائے گی،ایف بی آر کرپشن کا گڑھ ہے، اس میں اصلاحات لائی جائیں۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حق دو عوام کو کے سلوگن کے تحت ملک گیر پرامن مزاحمتی تحریک برپا کی ہے۔ جمہوری آزادیاں، بچوں کی تعلیم، عوام کے لیے صحت کی سہولتوں کی دستیابی، انصاف کی فراہمی، الیکشن اور لینڈاصلاحات،خواتین کے لیے وراثت کے حق، نوجوانوں کے لیے روزگار اور دیگر عوامی ریلیف کے اقدامات اس تحریک کا لانگ ٹرم ایجنڈا ہے، تحریک کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے ملک گیر ممبر شپ کمپین بھی شروع کی ہے جسے بھرپور عوامی پذیرائی مل رہی ہے، حق دو تحریک کا اولین مقصد عوام کو ریلیف دیناہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ریفرنڈم پانچ روز تک جاری رہے گا جس کے دوران تمام پبلک مقامات پر ووٹ بکس رکھے جائیں گے، ریفرنڈم کے لیے تمام صوبوں میں الیکشن کمیشن تشکیل دیے جائیں گے۔وکلا، تاجروں، علما اکرام، خواتین، طالب علموں، مساجد، مدارس، دیہات، تعلیم گاہوں میں رابطے کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں پہیہ جام ہڑتال اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے آپشن بھی زیرغور ہیں،, 23سے 27 اکتوبر تک عوامی ریفرنڈم ہوگا، اس کے بعد پہیہ جام کا اعلان کر سکتے ہیں، ملک بھر سے لانگ مارچز کا آغاز ہوگا اور بڑے قافلہ کی صورت میں اسلام آباد جائیں گے۔