دفعہ 144کی خلاف ورزی ،پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں  کیخلاف مقدمہ درج


راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی میں دفعہ 144 کے تحت پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر تھانہ آر اے بازار میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ پولیس مدعیت میں 16 ایم پی او، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعہ 188، روڈ بلاک کرنے،توڑ پھوڑ، پنجاب حکومت کے خلاف نعرہ بازی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مقدمے میں سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض، اعجاز خان جازی، راشدحفیظ، اجمل صابر ناصرمحفوظ ،چوہدری امیر افضل، عمرتنویر بٹ اور ملک فیصل سمیت 150 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا

مدعی مقدمہ کے مطابق امن وامان کی ڈیوٹی کے لیے فورس کے ساتھ کلمہ چوک موجود تھے جہاں پی ٹی آئی کے رہنما خالد جدون، مسلم شہزاد ،خطیب الرحمان اور راجہ بابر کی سربراہی میں 15 کارکنان ریلی کی شکل میں دھمیال روڈ پر آگئے۔ ریلی کے شرکا نے روڈ بلاک کر کے حکومت پنجاب کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی جس پر پولیس ٹیم نے ان میں سے راجہ بابر حسین کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر گلیوں میں فرار ہوگئے۔ملزمان نے پابندی کے باوجود ریلی نکال کر روڈ بلاک کرکے حکومت پنجاب کے خلاف نعرہ بازی اور احتجاجی مظاہرہ کرکے جرم  کا ارتکاب کیا ہے۔پولیس نے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔