حسن نصراللہ کی شہادت سے مزاحمت کو ایک نیا حوصلہ ملے گا،القسام بریگیڈز


مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز کی قیادت نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کو بیروت میں اسرائیلی بزدلانہ حملے میں شہید کئے  جانے پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے مزاحمت کو ایک نیا حوصلہ ملے گا،حسن نصر اللہ نے مزاحمت کی مدد کیلئے جان سمیت ہرقربانی دی۔

القسام بریگیڈز کی طرف سے جاری ایک تعزیتی بیان میں حسن نصراللہ کی شہادت پر حزب اللہ کے تمام مجاھدین، مزاحمتی قوتوں اور لبنانی عوام سے ان کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

حسن نصراللہ شہید کی مزاحمت، فلسطین، القدس اور الاقصیٰ کے لئے دی گئی قربانیوں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی جہاد اور مزاحمت میں گزاری اور اسی راستے پر چلتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔

بیان میں کہا گیا   کہ حزب اللہ کی قیادت پر قابض بزدل دشمن کی طرف سے کیا گیا یہ حملہ اس کی دہشت گردی اور رعونت کا پہلا واقعہ نہیں۔ دشمن طاقت کے استعمال اور قتل عام کے ذریعے اپنے مکروہ عزائم کو کسی صورت میں حاصل نہیں کرسکتا۔دشمن یہ سمجھتا ہے کہ وہ قتل عام اور قیادت کو ختم کرکے مزاحمت کو کچلے دے گا مگر وہ غلط فہمی میں ہے۔ ہمارے قائدین کی شہادت مزاحمت کے لیے ایک نیا ولولہ اور حوصلہ پیدا کرے گی۔