چونکہ معاملہ ایک معروف وکیل کا تھا، اس لئے ریاستی ہائی کورٹ کی بنچ نے اوتار سنگھ کے خلاف سخت موقف اختیار کرکے اس کا پاسپورٹ ضبط کرنے کے احکامات صادر کر دیے تھے۔ لیکن اس سے قبل کہ پولیس اس کو گرفتار کرتی، وہ حکومت کی معاونت سے کینیڈا چلا گیا تھا۔ ان سے شرمندہ ہو کر نئی دہلی میں کینیڈین ہائی کمیشن نے کشمیر میں خدمات انجام دینے والے سیکورٹی فورسز کو ویزا کا اجرا روک دیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس قدم کے خلاف احتجاج کیا۔ وزارت خارجہ کو مزید غصہ تب آیا، جب جون 2010 میںاس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ ٹورنٹو میںجی20 اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے تو ان کی سیکورٹی پر مامور اسپیشل پروٹیکشن گروپ (SPG) سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار کا ویزا رد کر دیا گیا۔ بھارت نے اس پر سخت اعتراض کیا، حتی کہ جی۔20 سربراہی اجلاس سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی۔ مگر نئی دہلی میں کینیڈین ہائی کمیشن نے 2008 میں کینیڈین پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور کردہ ایک قانون کا حوالہ دیا، جس کے تحت کسی بھی ایسے شخص کو ویزا دینے سے انکار کرنا لازمی قرار دیا گیا جس نے کسی ایسی تنظیم کے لیے کام کیا ہو، جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہوئی ہو یا اس پر عدالت میں الزامات دائر کئے گئے ہوں۔ اسی دوران انڈین انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے دو ریٹائرڈ اہلکار ایس ایس سدھو اور ٹی ایس سرویا کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ فوجی افسران لیفٹیننٹ جنرل اے ایس باہیا اور لیفٹیننٹ جنرل او پی نندرا جوگ اور ریٹائرڈ بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک ہیڈ کانسٹبل فتح سنگھ کی ویزا درخواستیں رد کر دی گئیں۔ سرویا جو پنجاب کے جالندھر میں آئی بی کے ڈپٹی سینٹرل انٹیلی جنس آفیسر کے طور پر 36 سال کی سروس کے بعد ریٹائر ہوئے تھے کو 2008 میں کینیڈین امیگریشن اینڈ ریفیوجی پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ A34(1)(F) کے تحت وزیٹر ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا ۔ کینیڈاکے سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ اوتار سنگھ کے کیس کی وجہ سے ان کی سبکی ہوئی ہے۔اس کا کیس کچھ یوں تھا۔ فروری 1996 میں جب جلیل اندرابی جنیوا سے انسانی حقوق کی کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس سرینگر آگئے تھے، تو کچھ مسلح افراد نے ان کے دروازے پر دستک دی۔ اس کی بیوی نے دروازہ کھولا اور ان سے بحث کرنے لگی۔ اندرابی نے اپنے مکان کی تیسری منزل سے چھپ کر ان کی اہلیہ کے ساتھ بحث کرنے والے افراد کی تصویریں لیں ۔ اگلے روز صبح سویرے وہ پہلی فلائٹ سے کیمرے سے لیس نئی دہلی روانہ ہوگئے اور اس وقت کے وزیر داخلہ شنکر را چوان، ان کے نائب راجیش پائلٹ اور پھر امریکی سفیر فرینک وایزنر سے ملاقاتیں کرکے تصویریں ان کے حوالے کردیں۔ ان سبھی مقتدر افراد نے ان کو یقین دلایا کہ ان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے جائینگے اور جن افراد کی انہوں نے نشاندہی کی ہے ،کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ چند روز کے بعد اندرابی ان تمام یقین دہانیوں کے ساتھ عید منانے کیلئے کشمیر لوٹ آئے۔مگر مارچ 1996 کو عید کے دن، جب وہ کسی عزیز سے ملنے کے بعد گاڑی میں واپس گھر آرہے تھے، تو اوتار سنگھ کی قیادت میں فوج کے دستے نے ان کو روک کر گرفتار یا اغوا کیا۔ ان کی اہلیہ اکیلے گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے گھر آپہنچی اور اگلے ہی دن کورٹ میں حبس بیجا کے تحت پیٹشن دائر کی۔ عدالت نے فوج کو اندرابی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ مگر فوج کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی شخص انکے پاس نہیں ہے۔ اغوا کے 19 دن بعد 27 مارچ کو ان کی لاش دریائے جہلم سے ملی ۔ان کے سر اور دل میں گولیوں کے سوراخ تھے اور جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ ہائیکورٹ نے ایک اسپیشل تفتیشی یونٹ بنانے کے احکامات صادر کئے، جس نے سری نگر کے راولپورہ کیمپ میں تعینات فوج کے میجر اوتار سنگھ کو ملزم قرار دیا اور کہا کہ جلیل اندرابی کی گرفتاری کا کام فوج کیلئے کام کرنے والے بندوق بردار سکندر گانی نے کیا تھا، جو اوتار سنگھ کے یونٹ کے ساتھ منسلک تھا۔ ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا گانی کو پراسرار حالات میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ اسپیشل پولیس ٹیم نے فوجی افسر پر آٹھ دیگرافراد کو بھی قتل کرنے کا الزام لگایا۔ جب یہ منظر عام پر آیا کہ سنگھ کینیڈا فرار ہوگیا ہے، سری نگر کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ محمد ابراہیم وانی نے بھارتی وزارت داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ گرفتاری کے وارنٹ انٹر پول کے سپرد کرکے ، اوتار سنگھ کی حوالگی یقینی بنائے۔ جسٹس بلال نازکی، ان ججوں میں شامل تھے، جو اس کیس کی نگرانی کر رہے تھے۔ چند سال قبل انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے اس کیس پر احکامات صادر کرنے کی وجہ سے ہی حیدر آباد ٹرانسفر کر دیا گیا ۔ نازکی، جو اڑیسہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ریٹائر ہوئے، نے کہا: جب میں نے کیس کی نگرانی شروع کی اور قتل کی تحقیقات کے لیے ایک SIT قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے فورا بعد میرا تبادلہ حیدرآباد کردیا گیا۔ اس کے بعد ہائی کورٹ نے اس میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔ جب کینیڈین حکام کو میجر سنگھ کی ملک میں موجودگی کا پتہ چلا، تو وہ لاپتہ ہو گیا ۔فروری 2011 کو ایک بھارتی خاتون نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پولیس کو فون کرکے بتایا کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کر رہا ہے اور اس نے اس کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی ہے۔ جب شوہر کو گرفتار کیا گیا اور اس کے فنگر پرنٹ لئے گئے تو معلوم ہو اکہ یہ بھارت میں مطلوب ملزم میجر اوتار سنگھ ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کا ریڈ نوٹس تھا۔ اگرچہ وہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں تھا، لیکن وہ ایک عالیشان پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کاروبار کا مالک تھا۔ امریکی حکومت نے نئی دہلی کو مطلع کیا، جس نے اس کی حوالگی میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔اسکے ڈیڑھ سال بعد جون، 2012 کو، سنگھ نے جو اب کیلیفورنیا کے ایک دوسرے شہر سیلما منتقل ہوگیا تھا، خود کشی کی اور اس سے قبل اپنی بیوی اور تین بچوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ خود پر بندوق چلانے سے پہلے، اس نے شیرف کے دفتر کو فون کیا اور بتایا کہ اس نے چار لوگوں کو مار ڈالا ہے۔ کینیڈین سینٹر فار انٹرنیشنل جسٹس کے لیے کام کرنے والے وکیل میٹ آئزن برانڈ کا کہنا تھا کہ کہ سنگھ کا مقدمہ دنیا کی کسی بھی عدالت میں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے عالمی دائرہ اختیار کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔سری نگر کے مرکز میں بٹہ مالو کے مکینوں کا بھی کہنا ہے کہ سنگھ نے ان کے محلے سے بھی متعدد نوجوانوں کو حراست میں لیا ، جو پھر کبھی اپنے گھروں کو نہیں لوٹے۔چند سال قبل ان میں سے ایک جنید نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا کہ میجر سنگھ نے نوجوانوں کی ایک ٹولی کے ساتھ اسکو بھی حراست میں لیا تھا۔ رات کے اندھیرے میں دریائے جہلم کے کنارے لے جاکر اس نے فوجیوں کو حکم دیا ان نوجوانوں کی ایک ایک کرکے دریا میں پھینکا جائے۔ میں نے آنکھیں بند کیں اور گناہوں کی مغفرت کی دعا کرنے لگا ۔ مجھے معلوم تھا میری باری آنے والی ہے۔ لیکن مجھے واپس لایا گیا۔ جنید کا کہنا تھا کہ پلہالن کے کیمپ میں ایک مقامی استاد کو کے گلے میں میجر سنگھ نے اپنی چھڑی ٹھونس دی۔اس استاد نے میرے سامنے ہی دم توڑ دیا۔ معروف صحافی ہرتوش سنگھ بال، جس نے کینیڈا جانے سے قبل پنجاب کے ایک آرمی کیمپ میں سنگھ کا پتہ لگایا اور اس کے بعددو بار امریکہ میں سنگھ سے فون پر بات کی تھی، کا کہنا ہے کہ سنگھ نے اس کو بتایا تھا کہ اگر بھارتی حکومت اس کی حوالگی کا مطالبہ کرتی ہے، تو وہ خاموش نہیں رہے گا۔ کئی مقدس گائیں اس کے ساتھ دفن ہو جائینگی۔ ”شاید یہ آدمی کچھ زیادہ ہی جانتا تھا اور زندہ رہنے کا مستحق نہیں تھا، آج جب کنیڈا نے نجار کے قتل کے معاملے میں بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، تو میجر اوتار سنگھ اور قانون دان جلیل اندرانی کا ذکر لازمی تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ را جس نے سری لنکا اور میانمار میں شورشوں کی حمایت کی ہے اور 1971 میں بنگلہ دیش کے قیام کے لیے لڑنے والے گوریلوں کی مدد کی ہے، کینیڈا میں قاتلانہ حملے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مگرکیا چین کو قابو کرنے کے نام پر مغربی دنیا بھارت کو دوسرا سرائیل بننے دینے کی متحمل ہو سکتی ہے؟کیا جنوبی ایشیا دوسرا مڈل ایسٹ بننے جا رہا ہے؟کسی نے چند سال قبل لکھا تھا کہ بھارت، مغربی دنیا کے بگڑے ہوئے چھوکرے کا کردار ادار کر رہا ہے۔ کیا اس بگڑے چھوکرے پر لگام لگانے کا وقت نہیں آیا ہے، جو اس خطے کی سلامتی کو خطرے میں دال کر عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے؟استحکام اور پائیدار امن کیلئے سنجیدہ اقدامات اور بات چیت کی ضرورت ہوتی ہے، جو سیاسی قوتوں کا ہی خاصہ ہوتا ہے۔(ختم شد)
بشکریہ روزنامہ 92 نیوز