ملک کو بحرانوں سے نجات قرآن سے تعلق جوڑنے سے ہی ممکن ہے، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ کتاب انسان کا بہترین دوست ہے، کتب دوستی سے انسان کے عقل وشعور میںاضافہ ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپوسینیٹر میں منعقدہ عالمی کتب میلے کے دورے کے دوران کیا۔ انہوں نے کتب میلے میں لگائے گئے مختلف پبلشر واشاعتی ودینی اداروں کے اسٹالز کا دورہ اورمنتظمین سمیت ان کی کاوشوں کی تحسین کی۔ان کا کہنا تھاکہ سب سے بڑی کتاب قرآن مجید ہے جس نے پوری دنیا کو بدل کررکھ دیا ہے۔آج ہماری ضرورت بھی یہی ہے کہ ہم قرآن کی تعلیمات کی طرف لوٹیں،اسی میں ہماری دنیا وآخرت کی کامیابی مضمر ہے۔پاکستان آج جن بحرانوں کا شکار ہے ان سے نجات بھی قرآن سے تعلق جوڑنے علم وکتاب کی طرف قوم کو راغب کرنے سے ہی ممکن ہے اس کے ذریعے ہی ملک ترقی وخوشحالی کی طرف جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ ،سوشل میڈیا ،ٹی وی کلچر،مہنگائی اورتیزترین زندگی میں آج ہمارے معاشرے میں ویسے بھی کتب بینی کا رجحان تیزی کے ساتھ کم ہورہاہے۔مہنگائی کی وجہ سے پبلشر بھی پریشان ہیں،ایسے موقع پر لوگوں کو کتاب سے قریب کرنے کے لیے کراچی کتب میلے کا انعقاد خوش آئند ہے۔بلاشبہ کتاب ایک قوم کی تہذیب و ثقافت اور معاشی، سائنسی اور عملی ترقی کی آئینہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کی بہترین دوست بھی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں کتب بینی اور مفید و معلوماتی خزانے سے استفادہ کرنے کی شرح بہت کم ہے جس کی ایک بڑی وجہ کم شرحِ خواندگی، صارفین کی کم زور قوتِ خرید اور انٹرنیٹ اور الیکٹرونک میڈیا کا بڑھتا ہوا استعمال بھی ہے۔

حکومت کو چاہئے کہ وہ کتاب کلچر کو عام کرنے کے لیے نہ صرف ایسے کتب میلوں کے انعقاد کی سرپرستی بلکہ اس کا شوق بڑھانے اور کاغذ،پرنٹنگ پریس ،پبلشرز و کتب فروشوں کو ہرقسم کے ٹیکس سے مستثنی کیا جائے۔کتابوں کی امپورٹ کوبھی سہولت دی جائے۔