نواز شریف کو واپس آنے سے کون روک سکتا ہے ،رحمن ملک


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف پاکستان آ رہے ہیں، تو یہ ان کا ملک ہے انہیں کون آنے سے روک سکتا ہے، وہ جب چاہیں آ سکتے ہیں۔

سابق وزیرِداخلہ رحمن ملک نے اپنی کتاب محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دیکھنا ہے کہ آنے کے لیے جو طریقہ کار ہے وہ بتایا گیا ہے یا میاں نواز شریف کسی کو نظر انداز کر کے آ رہے ہیں، یا پارٹی کے کہنے پر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میاں صاحب بتا سکتے ہیں کہ وہ کس لیے اور کیوں آ رہے ہیں، آ کر آخر کیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے آنے سے حکومت کو کیا فرق پڑے گا، حکومت رہے گی یا جائے گی، یہ آنے والے وقت میں سامنے آ جائے گا۔انہوںنے کہا کہ حالات و واقعات پر حکومت کے وزرا بوکھلائے ہوئے ہیں، لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے، طوفان کہیں اٹھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری جب بھی ایکٹیو ہوتے ہیں سوچ سمجھ کر سیاسی چال چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جب بھی بازی سامنے لاتے ہیں تو آگے والے بندے کو ہراتے ہیں، نظر آر ہا ہے کہ آصف زرداری صحیح سیاسی چال چلیں گے۔